ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈائری کے انکشافات سدرامیا کیلئے درد سر،وزیر اعلیٰ نے دن بھر کسی سے ملاقات نہیں کی

ڈائری کے انکشافات سدرامیا کیلئے درد سر،وزیر اعلیٰ نے دن بھر کسی سے ملاقات نہیں کی

Sun, 26 Feb 2017 09:38:18    S.O. News Service

بنگلورو،25؍فروری(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے جو بی جے پی کی طرف سے مسلسل الزام تراشیوں کے گھیرے میں آچکے ہیں ، آج انہوں نے خود کو اپنی سرکاری رہائش گاہ کاویری میں بند رکھا اور کسی سے بھی ملاقات نہیں کی۔ یہاں تک کہ کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ اوروزیر اعلیٰ کے دست راست مانے جانے والے میسور کے مری گوڈا کو بھی ملاقات کا وقت دئے بغیر سدر امیا نے واپس لوٹا دیا۔ رکن کونسل گووند راجو کے گھر پر انکم ٹیکس چھاپے کے دوران برآمد ڈائری کے مبینہ صفحات منظر عام پر آنے پر ناراض سدرامیا نے کل سے ہی کسی سے ملاقات نہیں کی اور اس معاملے میں اپنے آپ کو بچانے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ دنیش گنڈو راؤ اور مری گوڈا نے سدرامیا سے ملاقات کیلئے کرشنا میں کافی دیر تک انتظار کیا، لیکن انہوں نے ملاقات نہیں کی۔ کل شیوراتری تہوار کے سلسلے میں شہر کے چامراج پیٹ کی مندر میں منعقدہ پروگرام میں وزیراعلیٰ کی شرکت طے تھی، اس کیلئے ان کا پروگرام بھی ترتیب دیاجاچکا تھا، یہاں تک کہ وزیراعلیٰ کی چامراج پیٹ آمد کیلئے کرشنا سے سٹی مارکیٹ تک ٹریفک کا نظام بھی تبدیل کرنے کیلئے تیار ی کی جاچکی تھی، لیکن آخری لمحات میں وزیراعلیٰ نے طے کیا کہ سات بجے کی بجائے قبل از وقت وہ اس مندر میں پہنچ جائیں گے۔ اس کے مطابق قبل از وقت چامراج پیٹ گئے اور واپس لوٹنے کے بعد پھر کسی سے ملاقات نہیں کی۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے پیر تک کے اپنے سبھی پروگرام منسوخ کردینے اپنے عملے کو ہدایت دے دی۔ اس دوران بتایا جاتاہے کہ بی جے پی قائدین کی طرف سے ڈائری کو لے کر جو بھی ہنگامہ مچایا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے اس پر کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہاکہ ڈائری میں کہیں بھی ان کا حوالہ نہیں ہے، تو پھر وہ اس بات پر پریشان کیوں ہوں ، جن لوگوں کے نام آئے ہیں بہتر ہے کہ وہی اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کریں۔


Share: